چکوال (جلیل نقوی)
تلہ گنگ روڈ پر نکہ کہوٹ روڈ کے قریب دھرابی گاؤں کے قریب مسافر بس اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب موٹر سائیکل اور مسافر بس آپس میں ٹکرا گئے، جس کے باعث موٹر سائیکل سوار شدید زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ٹیموں کے پہنچنے تک تینوں افراد دم توڑ چکے تھے۔جاں بحق افراد کی شناخت فخر عباس، عبدالاحد اور واجد حسین کے ناموں سے ہوئی ہے، جن کا تعلق موضع لکھوال، ضلع چکوال سے بتایا جاتا ہے۔واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چکوال نے فوری نوٹس لیا جبکہ ایس ڈی پی او صدر سرکل، ڈی ایس پی ٹریفک، ایس ایچ او تھانہ نیلہ اور پولیس چوکی بلکسر کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ ریسکیو اور پولیس ٹیموں نے ضروری کارروائی مکمل کی۔بعد ازاں لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ واقعے پر علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی ہے۔

