راولپنڈی:سیکیورٹی فورسز نے 24 مئی 2026 کو پیش آنے والے جعفر ایکسپریس (ٹرین) واقعے کے بعد بلوچستان کے اضلاع مستونگ، نوشکی، ژہری، خضدار اور کیچ میں انٹیلی جنس اطلاعات پر متعدد آپریشنز کیے۔
آئی ایس پی آرکے مطابق ان کارروائیوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہ "فتنہ الہندستان” سے تعلق رکھنے والے 17 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے، جس سے ان علاقوں میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔
آئی ایس پی آرکا کہناہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود، بڑی مقدار میں دھماکا خیز مواد اور تیار شدہ دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز) بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن "عزمِ استحکام” کے مطابق انسدادِ دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔
بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے مختلف آپریشنز، فتنہ الہندستان کے 17 دہشت گرد ہلاک

