لاہور:
لاہور میں شہریوں کی جانوں سے کھیلنے والے ون ویلرز کے خلاف پولیس نے بڑا ایکشن لیتے ہوئے 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے یہ کارروائی ایس پی سول لائنز چوہدری اثر علی کے احکامات پر عمل میں لائی گئی۔ سیف سٹی کیمروں میں ون ویلرز کرتب کرتے دکھائی دئیے تب ایس پی کے حکم پر مغلپورہ پولیس نے لنک روڈ پر نوجوانوں کو روک کر گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان صبح سویرے اور رات کے اوقات میں مصروف شاہراہوں پر ون ویلنگ اور ہلڑبازی کر کے نہ صرف اپنی بلکہ دیگر شہریوں کی زندگیوں کو بھی شدید خطرے میں ڈال رہے تھے۔ سیف سٹی کیمروں کی فوٹیج میں بھی ملزمان کو خطرناک اور جان لیوا کرتب کرتے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے، جس کے بعد ان کے خلاف کارروائی کو تیز کیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کے زیر استعمال موٹر سائیکلیں بھی قبضے میں لے لی ہیں۔
ایس پی سول لائنز چوہدری اثر علی کا کہنا ہے کہ ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں جو شہریوں کی جان و مال کو خطرے میں ڈالیں۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق شہر میں ون ویلنگ جیسے خطرناک رجحان کے خاتمے کے لیے کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

