راولپنڈی :ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل (NSA Iran) کے سیکرٹری جناب علی اردشیر لاریجانی نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (GHQ) راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، NI (M) HJ، چیف آف آرمی اسٹاف (COAS) سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دوطرفہ تعاون، علاقائی سلامتی کے امور اور پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران خطے میں موجودہ سیکیورٹی ڈائنامکس پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ایران کے ساتھ قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے علاقائی امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ابھرتی ہوئی جغرافیائی سیاسی صورتحال کی روشنی میں تزویراتی تعاون کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔
علی لاریجانی نے خطے میں امن و سلامتی کو یقینی بنانے میں پاکستان کے اہم کردار کا اعتراف کیا اور ایران پاکستان تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے علاقائی چیلنجوں سے نمٹنے اور طویل مدتی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان بات چیت اور شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا۔

