راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے 24 اکتوبر 2025ء کو ضلع ٹانک میں بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس بیسڈآپریشن کیا۔آئی ایس پی آرکے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 8 بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہواہے۔ یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بے گناہ شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ دیگر دہشت گردوں کو بھی ختم کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی انسدادِ دہشت گردی مہم بھرپور انداز میں جاری رکھیں گے۔
سیکیورٹی فورسز انسداد دہشت گردی مہم جاری رکھیں گے،وزیراعظم شہباز شریف کا خراج تحسین
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع ٹانک میں سیکیورٹی آپریشن میں 8 بھارتی حمایت یافتہ خارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔
اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کی بدولت ملک سے دہشتگردی کی عفریت کو جڑ سے اکھاڑ دیں گے۔ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے کے خواہشمند عناصر کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔
عزم استحکام آپریشن میں قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ، صدر آصف زرداری
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ٹانک میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے ۔
اپنے ایک بیان میں صدر مملکت نے دہشت گردی کے خلاف آپریشن ’’عزمِ استحکام‘‘ کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ ہے۔
صدرِ مملکت نے مزید کہا کہ بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد پاکستان کے امن اور استحکام کے دشمن ہیں۔وطنِ عزیز کے امن و استحکام کے لیے دی جانے والی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کا سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
وزیراعلیٰ پنجا ب مریم نوازشریف نے خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں فتنہ الہندوستان کے 8 دہشت گرد جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
اپنے ایک بیان میں وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ قوم متحد ہے اوردہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔


