پاکپتن(رپورٹ:اکرام حسین شاہ )
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ’’صحت مند پنجاب‘‘ ویژن کے تحت شہریوں کو محفوظ خوراک کی فراہمی اور مضرِ صحت اشیاء کی فروخت کی روک تھام کے لیے فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری ہیں۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد اور ڈپٹی کمشنر پاکپتن آصف رضا کی ہدایات پر فوڈ سیفٹی ٹیم نے ہیلپ لائن 1223 پر موصول ہونے والی شہری کی شکایت پر پاکپتن کے علاقے چک 18 ایس پی میں واقع ایک چکن سیل سینٹر پر چھاپہ مارا۔کارروائی کے دوران ویٹرنری افسر نے موقع پر موجود مرغیوں کا طبی معائنہ کیا، جس میں مرغیوں میں وائرل انفیکشن اور فالج کی تصدیق ہوئی، جس پر مذکورہ گوشت کو انسانی صحت کے لیے شدید مضر قرار دیا گیا۔فوڈ سیفٹی ٹیم نے 38 بیمار اور ناقابلِ استعمال مرغیوں پر مشتمل تقریباً 45 کلوگرام گوشت قبضے میں لے کر مقامی معززین اور گواہان کی موجودگی میں تلف کر دیا۔ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق قانون شکنی پر ملزم کے خلاف تھانہ صدر پاکپتن میں مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر آصف رضا کا کہنا تھا کہ عوامی صحت سے کھلواڑ کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ خوراک کے معیار اور ناپائیدار اشیاء کی فروخت کی نشاندہی کے لیے انتظامیہ کا ساتھ دیں۔



