منڈی بہاؤالدین:نوجوان نسل کی رگوں میں زہر گھولنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے سنٹرل کرائم ڈیپارٹمنٹ (CCD) منڈی بہاؤالدین نے ایک بڑی کارروائی کے دوران منشیات کی بھاری کھیپ پکڑ لی ہے۔ کارروائی کے نتیجے میں سکول محلہ منڈی بہاؤالدین کی رہائشی خاتون منشیات فروش کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے تقریباً ڈھائی کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی آئس (Ice) برآمد کر لی گئی ہے، جس کی مالیت بین الاقوامی مارکیٹ میں تقریباً 25 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔
حکام کے مطابق سی سی ڈی کی ٹیم کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ منڈی بہاؤالدین کے علاقے میں منشیات کا ایک بڑا نیٹ ورک سرگرم ہے، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ صبا فدا دختر فدا حسین کو حراست میں لیا گیا۔ ابتدائی تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ گرفتار ہونے والی ملزمہ عادی مجرم ہے اور اس سے قبل بھی منشیات کے سنگین مقدمات میں جیل کی ہوا کھا چکی ہے۔
سی سی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ڈھائی کلو گرام آئس کی اتنی بڑی مقدار کا پکڑا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ زہر شہر کے معصوم نوجوانوں اور طلباء تک پہنچایا جا رہا تھا، تاہم بروقت کارروائی کر کے اس گھناؤنے مکروہ دھندے کو ناکام بنا دیا گیا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ اس کے دیگر کارندوں اور نیٹ ورک تک رسائی حاصل کی جا سکے۔ سی سی ڈی منڈی بہاؤالدین کا عزم ہے کہ منشیات کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک یہ کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
منڈی بہاؤالدین میں منشیات کے خلاف سی سی ڈی کا بڑا کریک ڈاؤن: ڈھائی کلو گرام آئس سمیت خاتون منشیات فروش گرفتار

