سینیئر صوبائی وزیر بورڈ آف ریونیو میر محمد عاصم کرد گیلو کی کاوشوں سے سب تحصیل سنی کو باقاعدہ تحصیل سنی کا درجہ دے دیا گیا، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری ہونے پر علاقے بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
بلوچستان (بیورو چیف رحمت اللہ بلوچ سے):
سینیئر صوبائی وزیر بورڈ آف ریونیو میر محمد عاصم کرد گیلو کی خصوصی کاوشوں اور مؤثر اقدامات کے نتیجے میں سب تحصیل سنی کو باقاعدہ تحصیل سنی کا درجہ دے دیا گیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
سب تحصیل سنی کو تحصیل کا درجہ دینا علاقے کے عوام، سیاسی و قبائلی عمائدین کا ایک دیرینہ اور اہم مطالبہ تھا جس کے لیے طویل عرصے سے آواز اٹھائی جا رہی تھی۔ سینیئر صوبائی وزیر میر محمد عاصم کرد گیلو نے عوامی مطالبے اور علاقے کی انتظامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے متعلقہ حکام کے ساتھ یہ معاملہ مؤثر انداز میں اٹھایا، جس کے نتیجے میں یہ عمل مکمل ہوا اور نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔
اس اہم پیش رفت سے علاقے کے عوام کو انتظامی امور، سرکاری خدمات اور بنیادی سہولیات تک رسائی میں مزید آسانی پیدا ہونے کی توقع ہے، جبکہ تحصیل کا درجہ ملنے سے علاقے میں انتظامی سرگرمیوں کو بھی مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر سینیئر صوبائی وزیر میر محمد عاصم کرد گیلو نے کہا کہ:
"عوامی مسائل اور دیرینہ مطالبات کو حل کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، اس پر پورا اترنے کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ ترقیاتی اور انتظامی معاملات میں عوامی ضرورت کو ترجیح دیتے ہوئے ایسے اقدامات کیے جائیں گے جن سے عام شہری کو براہِ راست سہولت حاصل ہو۔ سنی کو تحصیل کا درجہ ملنا علاقے کے عوام کے دیرینہ مطالبے کی تکمیل ہے اور یہ اقدام عوامی سہولت، بہتر انتظامی نظام اور علاقے کی ترقی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔”
دوسری جانب سنی اور گرد و نواح کے عوام نے سب تحصیل سنی کو تحصیل کا درجہ ملنے پر انتہائی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سینیئر صوبائی وزیر بورڈ آف ریونیو میر محمد عاصم کرد گیلو کی کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ علاقے کے دیگر دیرینہ مسائل کے حل کے لیے بھی عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔


