سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو)
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ کیپٹن ریٹائرڈ دوست محمد نے تھانہ صدر پسرور کا اچانک دورہ کرکے انتظامی امور، ریکارڈ، حوالات، فرنٹ ڈیسک، صفائی اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
انھوں نے تھانے میں موجود شہریوں سے گفتگو کرکے پولیس کے رویے اور شکایات پر کارروائی سے متعلق دریافت کیا۔ انہوں نے زیرِ تفتیش مقدمات درخواستوں اور پولیس ریکارڈ کو بروقت مکمل کرنے شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آنے اور میرٹ پر فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انھوں نے واضح کیا کہ تھانوں میں کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور شہریوں سے نامناسب رویے کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ تھانے شہریوں کو تحفظ اور انصاف فراہم کرنے کا بنیادی مرکز ہیں جبکہ غفلت، بدعنوانی اور غیر ذمہ دارانہ رویہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
دریں اثناء انھوں نے پسرور کچہری کا دورہ کرکے عدالتوں، جوڈیشل گارڈز اور زیرِ حراست قیدیوں کی پیشی سے متعلق سیکورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔انھوں نے عدالتوں کے داخلی و خارجی راستوں، واک تھرو گیٹس، سی سی ٹی وی کیمروں، پارکنگ ایریا اور ڈیوٹی پوائنٹس کا معائنہ کیا۔
انہوں نے سیکیورٹی پر تعینات اہلکاروں اور جوڈیشل گارد کے انچارجز کو خود بریف کرتے ہوئے الرٹ رہنے، مشکوک افراد و اشیاء پر کڑی نظر رکھنے اور مقررہ ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی۔جوڈیشل گاررڈز حوالات اور قیدیوں کی محفوظ نقل و حمل سے متعلق حالیہ اجلاس میں جاری ہدایات کے فالو اَپ میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے قیدیوں کو عدالت لانے، پیشی کے دوران نگرانی اور واپسی تک فول پروف حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کی تاکید کی۔انھوں نے سائلین, وکلاء، عدالتی عملے اور زیرِ حراست افراد کا تحفظ ہماری اہم ذمہ داری ہے۔ عدالتی سیکورٹی یا قیدیوں کی نگرانی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔




