دیربالا( بیورو چیف ریاض ابوالخیل)
دیر بالا کے ننھے مگر باصلاحیت اور ہونہار کھلاڑی، انٹرنیشنل گولڈ میڈلسٹ اذلان شاہ نے ایک بار پھر اپنی شاندار کارکردگی سے ملک بھر میں دیر بالا کا نام روشن کر دیا۔اذلان شاہ نے مسلسل مختلف قومی سطح کے مقابلوں میں شاندار کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے 13 اگست کو لاہور، 14 اگست کو اسلام آباد سپورٹس کمپلیکس اور 30 اگست کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں منعقدہ مقابلوں میں مجموعی طور پر پانچ گولڈ میڈلز اپنے نام کر کے ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔چھوٹی عمر میں بڑی کامیابیاں سمیٹنے والے اذلان شاہ اس سے قبل بھی قومی اور بین الاقوامی سطح پر متعدد گولڈ میڈلز حاصل کر چکے ہیں اور اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کے باعث پاکستان اور دیر بالا کا نام روشن کر رہے ہیں۔اذلان شاہ کی مسلسل کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ اگر صلاحیت، محنت اور عزم ہو تو عمر کامیابی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنتی۔ دیر بالا کا یہ ننھا ستارہ آج قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے روشن مستقبل کی امید بن چکا ہے۔
اذلان شاہ کی کامیابی صرف دیر بالا نہیں بلکہ پورے ملک و قوم کے لیے فخر کا مقام ہے۔

