سید انعام علی کاظمی ڈسٹرکٹ رپورٹر
اٹک: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں ضلع اٹک میں تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جہاں دو انتخابی حلقوں ایل اے 39 جموں 6 اور ایل اے 44 ویلی 5 کے لیے آج پولنگ ہوگی۔ضلع اٹک میں ایل اے 39 جموں 6 کے لیے مجموعی طور پر 4 ہزار 440 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں، جبکہ ایل اے 44 ویلی 5 میں 67 ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔ انتخابات کے انعقاد کے لیے ضلع بھر میں 28 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق تحصیل اٹک میں 292، حسن ابدال میں 144، فتح جنگ میں 1,159، پنڈی گھیب میں 2,191، جنڈ میں 656 اور تحصیل حضرو میں 171 ووٹرز درج ہیں۔ایل اے 39 جموں 6 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار راجہ محمد صدیق کا تعلق ضلع اٹک سے ہے، جبکہ اس حلقے میں مجموعی طور پر 14 امیدوار انتخابی میدان میں موجود ہیں۔ سیاسی مبصرین کے مطابق مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم کانفرنس، جماعت اسلامی اور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔
دوسری جانب ایل اے 44 ویلی 5 میں 8 امیدوار مدِ مقابل ہیں، جن میں مسلم کانفرنس کی واحد خاتون امیدوار مہرالنساء بھی شامل ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق دونوں حلقوں کے لیے انتخابی سامان سخت سکیورٹی میں متعلقہ پولنگ اسٹیشنوں تک پہنچا دیا گیا ہے، جبکہ پولنگ عملہ سامان وصول کرنے کے بعد اپنے اپنے مراکز پر روانہ ہو چکا ہے۔
انتخابات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے 400 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ اٹک شہر میں دو پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں گورنمنٹ پائلٹ سیکنڈری سکول اور گورنمنٹ ایم سی سکول شامل ہیں، جہاں ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔

