الہ آباد قصور سے سلطان فرید کی رپورٹ۔
کنگن پور کے علاقے میں خاتون کے اندھے قتل کا معمہ پولیس نے حل کر لیا، مقتولہ کا شوہر ہی قاتل نکلا جسے گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق ایک ہفتہ قبل جیتی والا نہر سے ایک نامعلوم خاتون کی نعش برآمد ہوئی تھی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر کرائم سین کو محفوظ بنایا اور فرانزک شواہد اکٹھے کرنے کے لیے متعلقہ ٹیموں کو طلب کیا۔ واقعے کا مقدمہ سب انسپکٹر کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرکے مقتولہ کی شناخت اور ملزم کی تلاش کا آغاز کیا گیا۔ دورانِ تفتیش مقتولہ کی شناخت شازیہ بی بی دختر محمد وارث، سکنہ میاں چنوں ضلع خانیوال، حال مقیم الہ آباد کے نام سے ہوئی۔ ایس پی انویسٹی گیشن محمد ضیاء الحق کی نگرانی اور ایس ایچ او غازی کامران شہزاد کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارتوں کی مدد سے تحقیقات کو آگے بڑھایا۔ شک کی بنیاد پر مقتولہ کے شوہر اسلام ولد نیاز کو حراست میں لیا گیا، جس نے دورانِ تفتیش قتل کا اعتراف کر لیاپولیس کے مطابق ملزم نے ناجائز تعلقات کے شبہ میں اپنی بیوی کو فائر کرکے ہلاک کیا اور بعد ازاں نعش نہر میں پھینک دیتھانہ کنگن پور پولیس نے ملزم سے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

