کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی پریس کلب میں ’میٹ دی پریس‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ نظام تباہ ہو چکا ہے، تاہم اصل بحث اس بات پر ہونی چاہیے کہ آخر یہ نظام تباہ کیوں ہوا۔ انہوں نے زور دیا کہ نظام کی بہتری کے لیے درکار ’ری سیٹ‘ غیر سیاسی نہیں بلکہ سیاسی ہونا چاہیے۔
“میں سمجھتا ہوں کہ نظام ناکام ہوا نہیں بلکہ کروایا گیا ہے، اور اس کی ناکامی میں ہمارا بھی ہاتھ ہے۔ ہر انسان سے غلطی ہوتی ہے، مگر وقت کا تقاضا ہے کہ ان غلطیوں کو درست کیا جائے۔
یہ نظام جو ناکام ہوا ہے، اگر اس کو ری سیٹ کرنا ہے اور سیاسی ری سیٹ کرنا ہے تو وہ کیسے ہوگا؟ اس کے لیے سب سے پہلے عوام کا اعتماد بحال کرنا ہوگا، جو ہر ادارہ کھو چکا ہے، چاہے وہ پارلیمان ہو، الیکشن کمیشن ہو، عدلیہ ہو یا صحافت۔ ان اداروں کو ناکام کروایا گیا ہے تو ایک ایک کر کے ان پر بات ہونی چاہیے کہ کیسے ہم اپنے اداروں اور اپنے نظام کو بہتر کر سکتے ہیں، تاکہ ہم عوام کے اصل مسائل کے حل پر توجہ دے سکیں۔”
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری
@BBhuttoZardari
— PPP (@MediaCellPPP) November 17, 2026
عوام کو درپیش شدید معاشی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ انہوں نے عوام کو کبھی اتنے کٹھن حالات میں نہیں دیکھا؛ غریب، مزدور اور سفید پوش طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے اور عالمی حالات کے اثرات کے باعث معاشی بحران روز بروز بڑھتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج والدین کے لیے یہ فیصلہ کرنا مشکل ہو چکا ہے کہ وہ بچوں کی تعلیم کی ضروریات پوری کریں یا گھر کے لیے دو وقت کی روٹی کا انتظام کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست دان عوام کے مسائل بھول چکے ہیں اور مہنگائی، بے روزگاری اور عام آدمی کی مشکلات ان کی ترجیحات میں شامل نہیں ہیں۔
بلاول بھٹو نے 26ویں آئینی ترمیم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ سمیت تمام اداروں پر عوام کا اعتماد بحال کرنا ہوگا، کیونکہ اپوزیشن کی مخصوص نشستیں چھین کر جیب میں ڈالی گئیں۔ انہوں نے سخت مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ "پہلے کسی کی کمر توڑی جاتی ہے اور پھر پوچھا جاتا ہے کہ وہ سیدھا کیوں نہیں کھڑا ہو سکتا۔” ان کا کہنا تھا کہ سسٹم کولیپس نہیں ہوا بلکہ کولیپس کرایا گیا ہے، اور اگر نظام کو ری سیٹ کرنا ہے تو وہ سیاسی بنیادوں پر ہی ہوگا۔
آج میں ایک ایسے تاریخی ادارے میں موجود ہوں جس کا پاکستان کی تاریخ میں اہم کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔ اس ملک میں اصل طاقت صحافیوں کے پاس ہے، ان کی طاقت قلم اور آواز ہے، جو کسی بھی ہتھیار یا بندوق سے زیادہ مؤثر ہے۔ صحافیوں کی آواز سے حکومتیں بنتی اور گرتی ہیں، جبکہ یہی آواز عوامی مسائل کی جانب حکومتوں کی توجہ بھی مبذول کراتی ہے۔ پاکستان نے ماضی میں بھی مشکل حالات دیکھے ہیں، تاہم آج ملک کو درپیش مسائل پر بات کرنا اور ان کے حل کے لیے آواز اٹھانا انتہائی ضروری ہے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری
@BBhuttoZardari
— PPP (@MediaCellPPP) November 17, 2026
سیاسی قیدیوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے سوال اٹھایا کہ یہ کیسا ملک ہے جہاں ہر وزیراعظم جیل جاتا ہے اور رہائی کے بعد وہی شخص پھر وزیراعظم بن جاتا ہے؟ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ آج نہیں تو کل سیاسی قیدیوں کو رہا کرنا ہی ہوگا۔ خیبر پختونخوا کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے صوبے میں گورنر راج کے خاتمے کا مطالبہ کیا اور پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
“سیاست میں ہمیشہ اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہوتی ہے، اور جو بات میں نے آج کی ہے، اس کے لیے بھی میں چاہوں گا کہ سب سے پہلے اپنی جماعت کے اندر اتفاقِ رائے قائم کروں کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کا یہ مشترکہ مؤقف ہونا چاہیے، تاکہ ہم پھر دیگر جماعتوں سے بات کرکے ایک سیاسی اور جمہوری ری سیٹ کی جانب بڑھ سکیں اور عوام کے اصل مسائل کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار رہیں۔”
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری
@BBhuttoZardari
— PPP (@MediaCellPPP) November 17, 2026
مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے انہیں مثبت سیاست کرنے والا سینئر سیاست دان قرار دیا اور کہا کہ حکومت کے ہر اقدام کی حمایت ضروری نہیں، اس لیے مولانا کو حکومت پر تنقید کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا کے الفاظ کا جواب دینے کے بجائے ان کے اختلافی مؤقف کو جمہوری انداز میں برداشت کرنا چاہیے۔
تقریب کے دوران صحافت کی آزادی اور ملکی تاریخ میں پریس کلب کے کردار کو سراہتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ اصل طاقت صحافیوں کے پاس ہے جن کا قلم اور آواز کسی بھی ہتھیار سے زیادہ مؤثر ہے۔ انہوں نے اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ جس معاشرے میں میڈیا آزاد نہ ہو اور سچ بولنے پر ’پیکا‘ یا دیگر کالے قوانین کا خوف طاری ہو، وہ معاشرہ کبھی ترقی نہیں کر سکتا۔

