لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ملاقات کی، جس میں صوبے بھر میں جاری ترقیاتی پراجیکٹس، عوامی فلاحی اسکیموں اور صوبائی اسمبلی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران اسپیکر ملک محمد احمد خان نے وزیراعلیٰ کو پنجاب اسمبلی کے امور اور قانون سازی کے عمل سے متعلق بریفنگ دی۔ انہوں نے "اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کی تاریخ ساز کامیابی پر وزیراعلیٰ کو مبارکباد پیش کی اور طلبہ کے لیے ہونہار اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ اسکیم متعارف کرانے پر انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے قصور میں جاری بیوٹیفکیشن پلان اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کو بھی سراہا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے ہر شہر اور ہر گاؤں کی یکساں ترقی حکومت کا عزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے میں 45 ہزار کلومیٹر سے زائد سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے منصوبے کی تکمیل ایک ریکارڈ بن چکی ہے، جبکہ تمام اضلاع میں کیتھ لیبز، کینسر سینٹر، پیڈز اسپتال اور دیگر جدید طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ترقیاتی منصوبے پنجاب کی تاریخ کا سنہرا باب ہیں اور انہوں نے ترقی کے اس سفر میں معاشرے کے ہر طبقے کو شراکت دار بنایا ہے۔ انہوں نے صوبے میں بچوں اور خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے نئے ایکٹ کی تشکیل کے اقدام کو بھی انتہائی خوش آئند قرار دیا۔

