پشاور: سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر ہونے والی دوستی کے نتیجے میں پشاور سے لاپتہ ہونے والی مناہل نامی لڑکی کو تھانہ پھندو پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اسلام آباد سے بحفاظت بازیاب کرا لیا، جبکہ اسے ورغلا کر لے جانے والے سوات کے رہائشی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق متاثرہ لڑکی مناہل گھر سے بغیر بتائے چلی گئی تھی، جس کے بعد اہلِ خانہ کی جانب سے تلاش کے باوجود اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا تھا۔ تاہم کچھ عرصے بعد مناہل کی ایک ویڈیو ٹک ٹاک پر وائرل ہوئی، جسے دیکھ کر اہلِ خانہ نے فوری طور پر تھانہ پھندو پولیس سے رابطہ کیا اور تمام صورتحال سے آگاہ کیا۔
شکایت موصول ہونے پر پولیس نے تفتیش کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے موبائل فون ڈیٹا اور جدید ٹیکنیکل ذرائع کی مدد سے ملزمان کی لوکیشن ٹریس کی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اسلام آباد سے مناہل کو بازیاب کرا لیا۔ پولیس نے لڑکی کو ساتھ لے جانے والے سوات کے رہائشی مبینہ ملزم کو بھی موقع سے گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بازیاب کرائی گئی لڑکی کو قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد تحفظ کے پیشِ نظر دارالامان منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔
ٹک ٹاک دوستی کا انجام؛ پشاور کی رہائشی لڑکی کو اسلام آباد لے جانے والا سوات کا نوجوان گرفتار، لڑکی بازیاب

