صوابی ( حق نوازخان)
ٹوپی ٹیچرز سوسائٹی کے زیرِ اہتمام سالانہ ونٹر پیکیج 2026 کی ایک پروقار تقریب گورنمنٹ ہائی سکول ٹوپی میں منعقد ہوئی، جس میں تحصیل ٹوپی کے سرکاری سکولوں میں زیرِ تعلیم 100 یتیم اور نادار طلباء میں موسم سرما کے تحفے کے طور پر مفت جوتے اور سویٹرز تقسیم کیے گئے۔
تقریب کے مہمان خصوصی صدر اتمان لویہ جرگہ ٹوپی سٹی حبیب الرحمن تھے، جبکہ تقریب کے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض صدر صوابی پریس کلب رجسٹرڈ سید عارف شاہ نے انجام دیے۔ اس موقع پر اتمان لویہ جرگہ، صوابی پریس کلب کے عہدیداران، ٹوپی ٹیچرز سوسائٹی کی کابینہ و جنرل باڈی کے اراکین اور معززین علاقہ نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید عارف شاہ نے ٹوپی ٹیچرز سوسائٹی کی تعلیمی اور فلاحی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ سوسائٹی گزشتہ کئی سالوں سے تحصیل ٹوپی، بالخصوص ٹوپی شہر کے سرکاری تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم یتیم اور مستحق بچوں کی ضروریات کا خیال رکھتے ہوئے ہر سال عیدین اور موسم سرما کے موقع پر انہیں یونیفارم، جوتے، سویٹرز اور اسٹیشنری فراہم کر رہی ہے، جو بلاشبہ خدمتِ خلق اور فروغِ تعلیم کی ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹوپی ٹیچرز سوسائٹی کی ان مسلسل کاوشوں کی بدولت مستحق طلباء کے لیے حصولِ تعلیم کی راہ مزید آسان ہوئی ہے۔ موجودہ دور میں جدید تعلیم کے بغیر نہ ترقی ممکن ہے اور نہ ہی معاشی استحکام کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے۔ ایک پُرامن، باشعور اور ترقی یافتہ معاشرے کی تشکیل کے لیے تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ معاشرے کے مخیر حضرات اور صاحبِ استطاعت افراد کو بھی مستحق بچوں کی تعلیم و تربیت اور بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
دیگر مقررین نے بھی ٹوپی ٹیچرز سوسائٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یتیم اور نادار بچوں کی تعلیمی و معاشرتی ضروریات پوری کرنا ایک عظیم انسانی فریضہ ہے۔ ایسے اقدامات نہ صرف بچوں کی حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنتے ہیں بلکہ معاشرے میں احساسِ ذمہ داری، ہمدردی اور خدمتِ خلق کے جذبے کو بھی فروغ دیتے ہیں۔
اس موقع پر ٹوپی ٹیچرز سوسائٹی کی کابینہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستحق اور یتیم طلباء کی فلاح و بہبود اور فروغِ تعلیم کے لیے یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔ کابینہ نے اس فلاحی منصوبے کی کامیابی میں مالی تعاون کرنے والے تمام مخیر حضرات، معاونین اور دوستوں کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اعتماد اور تعاون سے ہی یہ نیک مقصد کامیابی سے پایۂ تکمیل تک پہنچا۔


