میڈرڈ (ویب ڈیسک): یوفا نیشنز لیگ کے ایک سنسنی خیز اور اعصاب شکن مقابلے میں 10 کھلاڑیوں پر مشتمل انگلینڈ کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی چیمپئن اسپین کو اُس کے ہوم گراؤنڈ پر 2-3 سے شکست دے دی۔ اس تاریخی فتح کے ساتھ ہی انگلینڈ نے گروپ A3 میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، جبکہ اس شکست کے ساتھ ہی اسپین کا مسلسل 43 میچوں میں ناقابلِ شکست رہنے کا یورپی ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا۔
میڈرڈ کے ریاض ایئر میٹروپولیٹانو اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس گروپ مرحلے کے آخری میچ میں آغاز ہی سے دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ پہلے ہاف کے اختتامی لمحات (44ویں منٹ) میں اسپین کے ڈیفنڈر پاؤ کیوبارسی کے فاؤل پر انگلینڈ کو پینلٹی ملی، جسے کپتان ہیری کین نے گول میں بدل کر اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلا دی۔
دوسرے ہاف کے آغاز میں انگلینڈ نے جارحانه کھیل پیش کرتے ہوئے صرف چار منٹ کے وقفے سے دو مزید گول داغ دیے۔ 52ویں منٹ میں ڈیکلن رائس کے کارنر پر ایزری کونسا نے ہیڈر کے ذریعے گیند کو جال میں پہنچایا، جبکہ 56ویں منٹ میں جوڈ بیلنگھم کے پاس پر بین وائٹ نے شاندار گول کر کے اسکور 0-3 کر دیا۔
میچ کا رخ اُس وقت بدلا جب 62ویں منٹ میں انگلینڈ کے مڈفیلڈر ایلیٹ اینڈرسن کو پینلٹی ایریا میں لامین یامال کو گرانے پر ریڈ کارڈ دکھا کر میدان بدر کر دیا گیا اور اسپین کو پینلٹی مل گئی۔ 64ویں منٹ میں میکل اویرزابل نے پینلٹی پر گول کر کے اسپین کا کھاتہ کھولا۔ دس کھلاڑیوں تک محدود انگلینڈ پر اسپین نے تابڑ توڑ حملے جاری رکھے اور 74ویں منٹ میں لامین یامال کے پاس پر متبادل کھلاڑی نیکو ولیمز نے دوسرا گول کر کے مقابلہ 2-3 کر دیا۔
آخری لمحات میں اسپین نے میچ برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی تاہم انگلینڈ کے گول کیپر جیمز ٹریفرڈ نے انجری ٹائم میں فرمین لوپیز اور ایمیرک لپورٹ کے یقینی گول بچا کر اپنی ٹیم کی فتح پر مہر ثبت کر دی۔

