دیر بالا(ڈسٹرکٹ رپورٹر سدیس شیخ)
آخگرام میں کرش اسٹاک کی دیوار گرنے سے دو مزدور جاں بحق، کرش اسٹاک مالک کے خلاف مقدمہ درج۔دیر بالا کے علاقے آخگرام میں دریائے پنجکوڑہ کے کنارے واقع کرش اسٹاک کی دیوار گرنے سے افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں دو مزدور جاں بحق ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق کرش اسٹاک کی دیوار ناقص میٹریل سے تعمیر کی گئی تھی، جو اچانک گر گئی۔ دیوار کے ساتھ موجود کرش کا بھاری ملبہ ڈائنا گاڑی اور اس میں موجود مزدوروں پر جا گرا، جس کے نتیجے میں دونوں مزدور ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے۔ لاشوں کو فوری طور پر واڑی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ڈی پی او سرکل واڑی فخر عالم خان نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ واڑی اور آخگرام چوکی انچارج بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
پولیس نے واقعے کی ذمہ داری اور غفلت کے حوالے سے قانونی کارروائی کرتے ہوئے کرش اسٹاک کے مالک طارق عزیز سکنہ گوپلم خال کے خلاف دفعہ 322 کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔دیر بالا پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تفتیش اور قانونی کارروائی جاری ہے۔



