دیر بالا (بیورو چیف ریاض ابوالخیل) ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ملاکنڈ زاہد نواز مروت کے احکامات اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) دیر بالا اسلم نواز کی خصوصی ہدایات پر انچارج ٹریفک دیر بالا بلال عنایت کی نگرانی میں ٹریفک پولیس کی جانب سے غیر قانونی پارکنگ اور غیر قانونی اڈوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔
کریک ڈاؤن کے نتیجے میں دیر بالا کے مرکزی بازاروں اور مصروف ترین دیر چترال روڈ پر ٹریفک کی روانی میں نمایاں بہتری آئی ہے، جبکہ روزمرہ آمدورفت میں شہریوں کو درپیش شدید مشکلات اور ٹریفک جام کے مسائل میں بھی خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے۔
ٹریفک پولیس حکام کے مطابق شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے، تجاوزات کے خاتمے اور عوام کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے یہ کارروائیاں آئندہ بھی بلاامتیاز جاری رہیں گی۔

