عجمان (ویب ڈیسک) ICC Women’s Emerging Nations Trophy کے 14ویں میچ میں پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زمبابوے کو 51 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔ کپتان منیبہ علی کی ذمہ دارانہ نصف سنچری اور نشرہ سندھو کی تباہ کن باؤلنگ فتح میں کلیدی ثابت ہوئی۔متحدہ عرب امارات کے شہر عجمان کے سیون ڈسٹرکٹس گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے کپتان منیبہ علی نے 49 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 51 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ عائشہ ظفر نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے محض 27 گیندوں پر 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 42 رنز اسکور کیے، جبکہ شوال ذوالفقار اور ایمن فاطمہ نے 16، 16 رنز کا حصہ ڈالا۔ زمبابوے کی جانب سے کرسٹین موتاسا نے 30 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ اولنڈا چیر اور نومیلو سبانڈا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔151 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم پاکستانی باؤلرز کے سامنے بے بس نظر آئی اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 99 رنز ہی بنا سکی۔ زمبابوے کی جانب سے چیپو موگیری نے سب سے زیادہ 31 رنز بنائے، جبکہ چھیدزا دھورورو 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔پاکستان کی طرف سے اسپنر نشرہ سندھو نے انتہائی نپی تلی باؤلنگ کرتے ہوئے 3 اوورز میں صرف 8 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ مومنہ ریاست نے 2، جبکہ طوبیٰ حسن اور ام ہانی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔میچ کے دوران منیبہ علی نے بطور وکٹ کیپر ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ شکار (ڈسمسلز) کرنے کا نیا قومی ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔ شاندار نصف سنچری اسکور کرنے پر منیبہ علی کو میچ کی بہترین کھلاڑی (پلیئر آف دی میچ) قرار دیا گیا۔
آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی: پاکستان کی زمبابوے کو 51 رنز سے شاندار شکست، منیبہ علی کا نیا قومی ریکارڈ

