پشاور (انورزیب خان) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی دہشت گردی، بدامنی اور معاشی بدحالی کے باعث ملک اس وقت انتہائی مشکل صورتحال سے دوچار ہے، لہٰذا وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو امن و امان کی بحالی اور معیشت کی بہتری کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کرنا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل تنگی کے یونین کونسل کوز بہرام ڈھیری میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علاقے کی ممتاز سیاسی و سماجی شخصیات انجینئر اشفاق علی، اختر علی خان، وحدت خان، پرویز خان، یعقوب خان، ظہیراللہ اور عبدالرسول نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور معاشی ابتری نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ ایک طرف دہشت گردی اور بدامنی کے باعث عوام میں شدید بے چینی اور اضطراب پایا جاتا ہے تو دوسری جانب مہنگائی، بے روزگاری اور پسماندگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کے نتیجے میں عام آدمی کی قوتِ خرید بری طرح متاثر ہو چکی ہے اور لوگوں کے لیے روزمرہ ضروریات پوری کرنا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان ملک کی پسماندہ اکائیاں ہیں جو طویل عرصے سے بدامنی، دہشت گردی، معاشی بدحالی اور ہوشربا مہنگائی کے منفی اثرات کا سامنا کر رہی ہیں۔ ان حالات میں ضروری ہے کہ حکومت ان صوبوں پر خصوصی توجہ دے اور سرکاری محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر حکمتِ عملی مرتب کرے۔ انہوں نے زور دیا کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور عوام کو معاشی ریلیف فراہم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات ناگزیر ہیں۔
سکندر شیرپاؤ نے کوہاٹ، نوشہرہ اور صوابی میں سونے کی مائننگ کے حوالے سے سامنے آنے والے معاملات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ان کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ معدنی وسائل قومی اثاثہ ہیں اور ان کا تحفظ حکومت کی آئینی و قانونی ذمہ داری ہے۔ حکومت معاملے کی مکمل چھان بین کرکے حقائق عوام کے سامنے لائے اور قومی وسائل کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان کی ریکوری کے لیے بھی مؤثر اقدامات کرے۔

