دیربالا (ڈسٹرکٹ رپورٹر): دیر پریس کلب اور یونین کی جنرل باڈی کا ایک اہم اجلاس داروڑہ میں صدر پریس کلب احمد الحق کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں صحافیوں کو درپیش مسائل اور محکمہ اطلاعات کے مجوزہ امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
اجلاس میں عرفان علی شاہ، محمود ادریس، شیخ ابوسعید، یار زمان، گل حسین اور جمیل روغانی سمیت دیگر صحافیوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی مجوزہ تجویز کا جائزہ لیا گیا اور اس حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل اور فیصلوں کا مکمل اختیار صدر پریس کلب کو تفویض کر دیا گیا۔
شرکاء نے اجلاس میں بعض سینئر صحافیوں کی غیر حاضری پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ بروز جمعہ 20 نومبر کو صبح 10 بجے دیر میں ایک اور انتہائی اہم اجلاس منعقد ہوگا، جس میں تمام اراکین کی فرداً فرداً شرکت لازمی قرار دی گئی ہے اور کسی بھی رکن کا کوئی عذر یا استثنیٰ قابل قبول نہیں ہوگا۔
اجلاس کے فیصلوں کے مطابق انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مجوزہ ملاقات کے حوالے سے باہمی مشاورت کی جائے گی جبکہ صحافتی امور اور باہمی روابط کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر سمیت تمام ضلعی انتظامی افسران سے بھی ملاقاتیں کی جائیں گی۔

