میاں چنوں (رپورٹ: عاصم کمال) نواحی گاؤں 125 پندرہ ایل میں چوری کی ایک بڑی واردات کے دوران تین خواتین سعودی عرب میں مقیم شہری غلام محی الدین کے گھر سے لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات، نقدی اور قیمتی سامان چوری کرکے فرار ہوگئیں۔
اہل خانہ کے مطابق نامعلوم خواتین نے گھر میں داخل ہو کر الماریوں کے تالے توڑے اور تقریباً 3 تولے طلائی زیورات، 2 لاکھ روپے نقدی سمیت دیگر قیمتی اشیاء سمیٹ لیں۔
متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ واردات کی اطلاع متعلقہ حکام کو فوری طور پر دے دی گئی تھی تاہم تاحال پولیس موقع پر نہیں پہنچ سکی، جس کے باعث اہل علاقہ میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ متاثرہ خاندان اور معززین علاقہ نے اعلیٰ پولیس حکام سے واقعے کا فوری نوٹس لینے، مسروقہ سامان کی برآمدگی اور ملوث ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

