ایڈیلیڈ( ویب ڈیسک)
انگلینڈ نے ایڈیلیڈ اوول میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں آسٹریلیا کو 135 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی ہے۔ انگلینڈ کے 356 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم 44.3 اوورز میں 220 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
آسٹریلیا کے کپتان مچل مارش نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو مہمان ٹیم کے حق میں ثابت ہوا۔ انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 355 رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ ترتیب دیا، جو آسٹریلوی سرزمین پر انگلینڈ کا سب سے بڑا ون ڈے اسکور بھی ہے۔ انگلینڈ کا آغاز محتاط رہا اور اوپنر بین ڈکٹ 19 کے مجموعی اسکور پر 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، تاہم اس کے بعد ٹام بینٹن اور تجربہ کار بیٹر جو روٹ نے دوسری وکٹ کے لیے 137 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔ ٹام بینٹن نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 99 گیندوں پر 12 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 121 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، جو ان کے ون ڈے کیریئر کی دوسری سنچری ہے۔ جو روٹ 62 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ اننگز کے آخری اوورز میں جارڈن کاکس اور ول جیکس نے آسٹریلوی باؤلرز کی خوب خبر لی اور پانچویں وکٹ کے لیے محض 67 گیندوں پر 102 رنز جوڑے۔ جارڈن کاکس نے 49 گیندوں پر 67 اور ول جیکس نے 40 گیندوں پر ناقابلِ شکست 54 رنز اسکور کیے، جبکہ گس ایٹکنسن 4 گیندوں پر 13 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے زیویئر بارٹلیٹ نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کوپر کونولی، سپینسر جانسن اور رلے میریدتھ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
356 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا ٹاپ آرڈر انگلش پیس اٹیک کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوا اور محض 29 رنز پر اس کے 4 اہم کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ ٹریوس ہیڈ 7، کوپر کونولی صفر، کپتان مچل مارش 2 اور جوش انگلیس 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ مشکل وقت میں میٹ رینشا اور کیمرون گرین نے پانچویں وکٹ کے لیے 98 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی، تاہم رینشا 63 اور کیمرون گرین 64 رنز بنا کر لیام ڈاوسن کا شکار بن گئے۔ نچلے نمبروں پر ایڈم زمپا (18)، رلے میریدتھ (17 ناٹ آؤٹ) اور جیک ایڈورڈز (17) مزاحمت نہ کر سکے اور پوری آسٹریلوی ٹیم 44.3 اوورز میں 220 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ انگلینڈ کی جانب سے فاسٹ باؤلر گس ایٹکنسن نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 اوورز میں صرف 28 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ لیام ڈاوسن اور سیم کرن نے 2، 2 جبکہ جوفرا آرچر اور سونی بیکر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ شاندار سنچری اسکور کرنے پر ٹام بینٹن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

