تل ابیب :اسرائیلی فوج کے سابق سربراہ اور یشار پارٹی کے رہنما گاڈی آئزن کوٹ نے وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو کی جانب سے قومی اتحاد کی حکومت کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے اسے ایک سیاسی چال قرار دیا ہے۔
گاڈی آئزن کوٹ نے کہا ہے کہ نیتن یاہو جانتے ہیں کہ وہ انتخابات ہار چکے ہیں اور قومی اتحاد کی حکومت کی پیشکش دراصل وقت حاصل کرنے کی کوشش ہے۔
یاد رہے کہ اسرائیل کے سبکدوش ہونے والے وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو نے اپنے سیاسی حریف گادی آئزنکوٹ کے ساتھ قومی اتحاد کی حکومت بنانے کی پیشکش کی تھی اور ایران کے خطرے کے خاتمے کے اپنے عزم کا اظہار کیا تھا۔
واضح رہے کہ آئزن کوٹ پر انتخابات کے بعد اس وقت نئی اسرائیلی حکومت کی تشکیل کی ذمہ داری عائد ہے۔
انھوں نے نیتین یاہو کے جواب میں کہا کہ نیتن یاہو مذاکرات کا مطالبہ کر رہے ہیں جبکہ مذاکرات پہلے ہی طے ہو چکے ہیں۔ وہ اتحاد کی بات کرتے ہیں، لیکن تقسیم اور اشتعال انگیزی کو ہوا دے رہے ہیں۔
اسرائیلی فوج کے سابق چیف آف سٹاف نے مزید کہا کہ یہ چالیں مجھ پر اثر انداز نہیں ہوتیں۔
اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے جاری پیغام میں آئزن کوٹ نے اسرائیلی شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تازہ ترین دھوکا ہے، نیتن یاہو مذاکرات کا مطالبہ اس وقت کرتے ہیں جب ان کا شیڈول پہلے ہی طے ہو چکا ہوتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ یہ اچھی کوشش ہےلیکن یہ حربے مجھ پراور اسرائیل کے شہریوں پر اثر انداز نہیں ہوتے۔
انھوں نے لکھا کہ تمام تقاریر اور بیانات کے باوجود حقیقت یہی ہے کہ نیتن یاہو جانتے ہیں کہ وہ انتخابات ہار چکے ہیں۔ وہ یہ بھی جانتے ہیں کہ ایک نئی اور بہتر حکومت تشکیل پانے والی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ تاخیری حکمتِ عملی اختیار کیے ہوئے ہیں تاکہ نئی حکومت کی تشکیل مشکل بنائی جا سکے اور کنیسٹ کے سپیکر کی تبدیلی کو روکا جا سکے‘
یاد رہے کہ سنیچر کے روز ایک ویڈیو پیغام میں نیتن یاہو نے کہا تھا کہ جمعرات (12 نومبر) کو گاڈی آئزنکوٹ کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے بعد انھیں پہلے سے بھی زیادہ یقین ہو گیا ہے کہ اسرائیل کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے قومی اتحاد کی حکومت کی تشکیل ضروری ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایسی حکومت ایرانی خطرے کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کر سکتی ہے۔
نیتن یاہو کے مطابق مجوزہ حکومت میں صرف وہ جماعتیں شامل ہوں گی جو اسرائیل کو یہودی ریاست تسلیم کرتی ہیں۔ قومی اتحاد کی حکومت اسرائیل کو درپیش سکیورٹی چیلنجز سے نمٹے گی جن میں سب سے اہم ایران ہے جو نیتن یاہو کے بقول اسرائیل کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرے گا۔
یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے ہونے والے انتخابات کے بعد 67 ارکانِ پارلیمان کی حمایت حاصل کرنے والے گادی آئزنکوٹ کو اتوار (8 نومبر) کو نئی حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ انھیں حکومت سازی کے لیے 28 دن کا وقت دیا گیا ہے، جس میں ضرورت پڑنے پر مزید 14 دن کی توسیع کی جا سکتی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق حکومت سازی کے لیے مذاکرات مشکل ثابت ہو سکتے ہیں۔
نیتن یاہو کی تجویز کردہ قومی اتحاد کی حکومت میں اعتدال پسند سے لے کر دائیں بازو تک کی بڑی یہودی جماعتوں کو شامل کرنے اور عرب جماعتوں کو خارج رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔
یہ چالیں مجھ پرکام نہیں کرتیں، آئزن کوٹ نے نیتن یاہو کی قومی حکومت کی تجویز مسترد کردی

