لاہور: لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر آگیا، شہر میں فضائی آلودگی کی صورتحال مزید خراب ہوگئی۔
عالمی ادارے آئی کیو ایئر کے مطابق لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 269 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ بھارت کا شہر کولکتہ 253 اے کیو آئی کے ساتھ دوسرے اور بنگلہ دیش کا دارالحکومت ڈھاکا 190 انڈیکس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔
پنجاب اے کیو آئی ڈیش بورڈ کے مطابق صبح 8 بجے لاہور کا فضائی آلودگی کا انڈیکس 293 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گزشتہ روز اسی وقت یہ شرح 271 تھی۔
پنجاب کے آلودہ ترین شہروں میں وہاڑی 334 اے کیو آئی کے ساتھ پہلے، پاکپتن 321 کے ساتھ دوسرے اور قصور 311 انڈیکس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا، جبکہ لاہور 293 اے کیو آئی کے ساتھ چوتھے نمبر پر تھا۔

