سانگھڑ (رپورٹ: اشفاق سلہری)
مقامی تنظیم آر ڈی ایف (RDF) کی جانب سے نادیہ شاہ کی سربراہی میں این سی اے (NCA) کے تعاون سے ماحولیاتی مسائل، پانی کے تحفظ اور پلاسٹک بیگز کے استعمال کی روک تھام کے حوالے سے ایک روزہ سیمینار منعقد کیا گیا۔سیمینار میں سرکاری افسران، سماجی و سیاسی شخصیات اور رضاکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے، پانی کے مؤثر استعمال اور پلاسٹک بیگز کے نقصانات سے متعلق آگاہی کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ماحول کو صاف ستھرا رکھنے، پانی کے ضیاع کو روکنے اور پلاسٹک بیگز کے استعمال کی حوصلہ شکنی کے لیے عوامی شعور بیدار کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔
اس موقع پر پروجیکٹ انچارج نادیہ شاہ کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں ماحولیاتی تبدیلیاں ہمارے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ خریداری کے لیے کپڑے یا کاغذ کے تھیلوں کا استعمال کریں تاکہ سانگھڑ کو ایک سرسبز، شاداب اور پلاسٹک سے پاک ضلع بنایا جا سکے۔سیمینار کے اختتام پر شرکاء میں ماحولیاتی تحفظ سے متعلق معلوماتی پمفلٹس بھی تقسیم کیے گئے اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ اس قسم کی آگاہی مہمات کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔




