خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے)
وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے مواصلات اور کوآرڈینیشن کمیٹی برائے ڈویلپمنٹ ڈسٹرکٹ خوشاب کے کنوینئر انجینیئر ملک گل اصغر خان بُگھور اور ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی برائے ڈویلپمنٹ کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع خوشاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں، پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام، لاء اینڈ آرڈر، گورننس اور دیگر اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈی پی او خوشاب ڈاکٹر عمارہ شیرازی، اے ڈی سی ہیڈکوارٹر غزالہ کنول، اے سی خوشاب اُمت السلام، ممبر قومی اسمبلی ملک شاکر بشیر اعوان، ممبر ڈویلپمنٹ کمیٹی ملک امیر حیدر سنگھا، ملک علی ساول، رُکن صوبائی اسمبلی ملک محمد آصف بھاء اعوان کے کوآرڈینیٹر ملک محمد بلال بھاء، ممبر امن کمیٹی ملک رضوان بھاء ایڈووکیٹ، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے مواصلات کے کوآرڈینیٹر انجینیئر ملک طاہر ندیم بگھور، ایم پی اے سردار ظفر خان بلوچ کے کوآرڈینیٹر پیر مصیب رضا شاہ سمیت تمام محکموں کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری انجینیئر ملک گل اصغر خان بگھور نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی عوام دوست پالیسیوں اور سکیموں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے "اپنی چھت اپنا گھر پروگرام”، "اپنا کھیت اپنا روزگار”، بیوٹیفکیشن پلان، سُتھرا پنجاب پروگرام، گرین الیکٹرک بسوں کے ذریعے ماحول دوست اور آرام دہ سفری سہولیات، محکمہ واسا، پی ایچ اے، ریونیو کی اصلاحات، کسانوں کے لیے زرعی سبسڈیز، تعلیمی میدان اور صحت کی سہولیات کو سراہتے ہوئے وزیر اعلیٰ کی گُڈ گورننس کو کارکردگی کی بہترین مثال قرار دیا۔متعلقہ محکموں کے افسران نے کنوینئر کمیٹی کو ضلع میں جاری ترقیاتی سکیموں، صاف پانی، صفائی ستھرائی، ڈسپوزلز، سیوریج اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ممبرانِ اسمبلی اور کمیٹی کے ارکان نے اپنے حلقوں کے ترقیاتی منصوبوں پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے ضلع خوشاب کی ترقی کے لیے اربوں روپے کے فنڈز کا اجرا ایک تاریخی اقدام ہے جس سے ضلع میں ترقیاتی سرگرمیوں کو مزید فروغ ملے گا۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ عوام جلد از جلد ان کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔ بعدازاں، اجلاس میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، اپنی چھت اپنا گھر پروگرام، محکمہ تعلیم کے اساتذہ کی سروس سے متعلقہ مسائل اور دیگر عوامی شکایات کا فوری ازالہ کرنے کے احکامات جاری کیے گئے اور متعلقہ اداروں کے سربراہان کو آئندہ اجلاس میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔

