سکھر (رپورٹ: عبد الرحمان راجپوت)
رکنِ صوبائی اسمبلی سندھ سید فرخ شاہ نے سکھر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا اہم دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سکھر چیمبر کے صدر محمد یعقوب ملک، سینئر نائب صدر عبدالمجید قریشی، نائب صدر شہزاد شیوانی، لوکل باڈیز اینڈ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے کنوینر محمد رضوان الحق ملک، سینئر ڈپٹی کنوینر مولانا محمد عثمان فیضی، سابقہ صدور اور دیگر معززین سے تفصیلی گفتگو کی—سید فرخ شاہ نے کہا کہ سکھر میں کینسر اسپتال کے قیام کا منصوبہ زیرِ غور ہے اور جلد ہی اس کی تعمیر کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شہر کی ترقی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ رکنِ اسمبلی نے ریلوے کوارٹرز کے متاثرین کو متبادل زمین فراہم کرنے کی درخواست پر بھی عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔قبل ازیں، صدر سکھر چیمبر محمد یعقوب ملک نے سید فرخ شاہ کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے SITE، گولیمار اور سندھ انڈسٹریل انکلیو علی واہن کے صنعتی مسائل کے حل، ریلوے کوارٹرز کے متاثرہ رہائشیوں کو مناسب مہلت دینے اور وفاق کے ماتحت عمارتوں کی صوبے کو منتقلی کے لیے مؤثر کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سید فرخ شاہ شہریوں اور کاروباری برادری کے مسائل کو متعلقہ حکام اور سندھ اسمبلی کے ایوان میں موثر انداز میں اٹھائیں گے۔نائب صدر شہزاد شیوانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح سید خورشید شاہ نے سکھر کی تعمیر و ترقی میں نمایاں اور اہم کردار ادا کیا ہے، تمام تاجر اور عوامی حلقوں کو امید ہے کہ سید فرخ شاہ بھی اس روایت کو برقرار رکھتے ہوئے کاروباری برادری اور عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

