سانگھڑ (رپورٹ: اشفاق سلہری)
سانگھڑ کی تحصیل شہدادپور کے قریب روڈ حادثے میں 5 بچوں سمیت 8 افراد شدید زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق حادثہ شہدادپور کے قریب گاؤں غلام محمد لغاری کے مقام پر پیش آیا، جہاں سڑک پر اچانک کتا سامنے آنے کے باعث تیز رفتار کار الٹ گئی۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈرائیور نے کتے کو بچانے کی کوشش کی، جس کے دوران گاڑی پر سے کنٹرول ختم ہو گیا اور کار الٹ گئی۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر تمام زخمیوں کو فوری طور پر شہدادپور اسپتال منتقل کیا۔ زخمی ہونے والوں میں ندا، خدیجہ، طیبہ، خضرہ اور عائزہ شامل ہیں۔اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کر دی گئی ہے، تاہم 3 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں مزید علاج کے لیے حیدرآباد منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ دیگر زخمی شہدادپور اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

