پاکپتن(رپورٹ:اکرام حسین شاہ )
گاؤں 67/D میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم پر سرکاری کارروائی کے دوران مبینہ حملے، عملے کو یرغمال بنانے، خاتون افسر سے بدسلوکی اور سرکاری امور میں رکاوٹ ڈالنے کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ کیس میں نامزد مرکزی ملزمان فخر جھیڈو اور غلام نبی کی درخواستِ ضمانت مختلف عدالتی فورمز سے خارج کر دی گئی ہے۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق گاؤں 67/D میں کیمیائی و غیر معیاری دودھ کے خلاف کارروائی کے دوران پیش آنے والے واقعہ کے بعد متعلقہ قوانین کے تحت مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کیا گیا تھا۔
ترجمان نے واضح کیا کہ ضمانت کی درخواستوں کا خارج ہونا نامزد افراد کے جرم کا حتمی عدالتی تعین نہیں بلکہ ضمانت سے متعلق فیصلہ ہے، جبکہ مقدمے کا حتمی فیصلہ مجاز عدالت دستیاب شواہد اور قانون کی روشنی میں کرے گی۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی شہریوں کو محفوظ و معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے اپنی قانونی ذمہ داریاں نبھاتی رہے گی اور سرکاری فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ ڈالنے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


