جکارتہ ; انڈونیشیا کے جنگلات اور زمینوں پر لگی آگ سے اٹھنے والی دھند نے ملائیشیا میں بھی صورتحال کو متاثر کیا ہے، جہاں ہوا کا معیار غیر صحت بخش سطح تک پہنچنے کے بعد کئی علاقوں میں اسکول بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارےکے مطابق ملائیشیا کی وزارتِ تعلیم نے جمعرات کی رات اعلان کیا کہ جمعے کو ملک کی متعدد ریاستوں اور وفاقی و انتظامی دارالحکومتوں میں اسکول بند رہیں گے۔ حکام کے مطابق پڑوسی ملک انڈونیشیا میں جنگلات کی آگ سے اٹھنے والے دھوئیں کے باعث فضائی آلودگی میں اضافہ ہوا ہے۔
ملائیشیا کی وزیرِ تعلیم فاضلینا صدیق نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر جاری بیان میں بتایا کہ جزیرہ نما ملائیشیا کی ریاستیں جوہر، ملاکا، نیگری سمبیلان اور سیلنگور اسکولوں کی بندش سے متاثر ہوں گی۔ اس کے علاوہ ملک کے دارالحکومت کوالالمپور اور انتظامی مرکز پتراجایا میں بھی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ان کے مطابق ریاست پاہانگ کے ضلع رومپن میں بھی اسکول بند رہیں گے۔ وزیرِ تعلیم نے متعلقہ ریاستی تعلیمی محکموں اور ضلعی تعلیمی دفاتر کو ہدایت کی ہے کہ وہ دھند اور فضائی آلودگی کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں اور حالات کے تقاضے کے مطابق فوری اقدامات کریں۔
ملائیشیا میں فضائی آلودگی کی شدت جانچنے کے لیے ایئر پولیوٹنٹ انڈیکس (اے پی آئی) استعمال کیا جاتا ہے۔ اس پیمانے پر 101 سے 200 تک کی سطح کو غیر صحت بخش، 201 سے 300 تک کو انتہائی غیر صحت بخش، جبکہ 300 سے زیادہ کی سطح کو خطرناک قرار دیا جاتا ہے۔

