مٹیاری (رپورٹ: عامر علی انڑ)
مٹیاری کی تحصیل نیو سعید آباد میں قومی شاہراہ پر تیز رفتاری کے باعث افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں سکھر سے کراچی جانے والی مچھلی سے بھری ٹرک موٹر سائیکل کو بچاتے ہوئے بے قابو ہو کر الٹ گئی۔حادثے کے نتیجے میں دو خواتین اور ایک بچے سمیت چار افراد شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ طبی ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے دو افراد کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کا تعلق حاجانہ برادری سے ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جبکہ شاہراہ پر ٹرک الٹنے سے گاڑیوں کی آمدورفت اور ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔


