اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت میں محکمہ پولیس کے اندر صفائی کی ایک بڑی مہم کا آغاز کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد نے انتہائی سخت اور فیصلہ کن اقدام اٹھایا ہے۔ محکمہ جاتی اصلاحات اور شفافیت لانے کے عزم کے تحت ریٹائرمنٹ کے بعد کنٹریکٹ پر غیر قانونی طور پر تعینات کیے جانے والے 27 پولیس افسران اور ملازمین کو فوری طور پر نوکری سے برخاست کر دیا گیا ہے۔
معتبر ذرائع کے مطابق برطرف کیے جانے والے ان افسران میں پولیس کے اعلیٰ عہدیدار بھی شامل ہیں، جن میں 4 ایس پیز (Superintendents of Police)، 3 ڈی ایس پیز (Deputy Superintendents of Police) اور 3 انسپکٹرز کے علاوہ دیگر ماتحت عملہ بھی شامل ہے۔ طویل عرصے سے محکمہ پولیس میں بیٹھے ان کنٹریکٹ ملازمین کی برطرفی کو دارالحکومت کی پولیس ہسٹری کا ایک بڑا انتظامی فیصلہ قرار دیا جا رہا ہے۔
محکمہ پولیس کے اندرونی ذرائع نے یہ انکشاف بھی کیا ہے کہ اس بڑی کارروائی کے بعد اب محکمہ پولیس میں غیر قانونی طریقے سے "شولڈر پروموشن” (بااثر شخصیات کی پشت پناہی سے ملنے والی ترقیوں) حاصل کرنے والے عناصر کے خلاف بھی سخت محکمانہ کارروائی کا تیاری مکمل کر لی گئی ہے، جس سے محکمے میں شدید ہلچل مچ گئی ہے۔
آئی جی اسلام آباد کا تاریخی ایکشن: 27 ریٹائرڈ پولیس افسران اور ملازمین کی چھٹی، شولڈر پروموشن والوں کی بھی خیرنہیں



