مٹیاری (رپورٹ: عامر علی انڑ) مٹیاری کے دیہی علاقے میمن کی وسی کے اسکول میں طالبعلم کو مبینہ طور پر انوکھی اور غیر مناسب سزا دینے کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔
ذرائع کے مطابق اسکول کا ٹیبل ٹوٹنے پر استاد نے طالبعلم کو سزا کے طور پر بھاری ٹیبل سر پر رکھ کر مرمت کے لیے لے جانے کا حکم دیا۔ وائرل ویڈیو میں طالبعلم کو سر پر اسکول کا ٹیبل اٹھائے لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ بعد ازاں ٹیبل کی مرمت کروانے کے مناظر بھی سامنے آئے ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ٹیبل کی مرمت پر آنے والے 500 روپے کے مبینہ اخراجات بھی طالبعلم کے والد سے وصول کیے گئے، جبکہ بچے کے والد کی کل یومیہ آمدن مبینہ طور پر صرف 700 روپے ہے۔
واقعے پر طالبعلم کے والدین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے محکمہ تعلیم سے فوری نوٹس لینے اور دی جانے والی سزا کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

