مٹیاری (رپورٹ: عامر علی انڑ)
مٹیاری کے علاقے نیو سعیدآباد میں اول چھچھڑ لنک روڈ پر افسوسناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں دو کمسن بچوں سمیت 4 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار خداڈنو کلہوڑو اسکول کے بچوں کو لے کر جا رہا تھا کہ اول چھچھڑ لنک روڈ پر ایک تیز رفتار کار نے مبینہ طور پر موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ ٹکر کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار افراد سڑک پر گر پڑے جبکہ تیز رفتار کار بے قابو ہو کر سڑک کنارے موجود مائینر (نہر) میں جا گری۔
حادثے کے فوری بعد زخمیوں کو تعلقہ اسپتال نیو سعیدآباد منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد چاروں زخمیوں کو تشویشناک حالت کے باعث مزید علاج کے لیے حیدرآباد منتقل کر دیا گیا۔ زخمیوں میں دو 3 سالہ بچے بھی شامل ہیں۔
زخمیوں نے الزام عائد کیا ہے کہ حادثے کے بعد کار سوار کی جانب سے ان پر مبینہ تشدد بھی کیا گیا۔ پولیس کے مطابق زخمیوں کی شناخت خداڈنو کلہوڑو، دلدار علی کلہوڑو اور دو کمسن بچوں کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ واقعے کی مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔


