کراچی: شہرِ قائد میں نوکری کی تلاش میں نکلنے والی 59 خواتین کے ساتھ ایک انوکھا اور حیرت انگیز فراڈ سامنے آیا ہے، جہاں نوکری کا جھانسہ دے کر خواتین کو فارم ہاؤس بلایا گیا اور مبینہ ملزم ’باس کی تقریر‘ کے بہانے سب کے موبائل فون اور شناختی کارڈ بٹور کر موٹر سائیکل پر فرار ہو گیا۔
ملیر کے گڈاپ تھانے میں شہناز نامی خاتون کی مدعیت میں درج کرائے گئے مقدمے کے مطابق، دو دن قبل واٹس ایپ کے ذریعے 25 روزہ ملازمت کی پیشکش کی گئی تھی جس میں روزانہ دو ہزار روپے معاوضہ طے پایا تھا۔ منگل کے روز مختلف علاقوں سے جمع کی جانے والی 59 خواتین کو ایک بس میں بٹھا کر "انصاری میڈوز فارم ہاؤس” پہنچایا گیا، جہاں انہیں بتایا گیا کہ اصل انٹرویوز کے لیے بڑے بلڈرز آنے والے ہیں۔
"باس کی تقریر” کا انوکھا بہانہ اور موبائل اڑان!
فارم ہاؤس پر خواتین کو ایک لائن میں بٹھایا گیا اور یہ کہہ کر تمام موبائل فونز ایک بیگ میں جمع کرا لیے گئے کہ "کچھ دیر میں باس آ کر اہم تقریر کریں گے اور فون کی گھنٹی بجنے سے خلل پیدا ہو سکتا ہے، اس لیے سب اپنے فونز جمع کرا دیں۔”
متاثرہ خواتین کے مطابق، اس کے بعد ملزم ساحل سلمان تمام موبائل فونز اور بعض لڑکیوں کے اصل قومی شناختی کارڈ ایک بیگ میں ڈال کر موقع سے موٹر سائیکل پر فرار ہو گیا۔ دھوکہ دہی کا احساس ہوتے ہی تمام خواتین گھبرا کر تھانے پہنچ گئیں، جہاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے متاثرین کو بحفاظت ان کے اہل خانہ کے حوالے کر دیا۔
دوسری جانب فارم ہاؤس کے مالک اشر انصاری کا کہنا ہے کہ یہ فارم ہاؤس کارپوریٹ میٹنگ کے نام پر وقاص نامی شخص نے بک کروایا تھا، جس نے دعویٰ کیا تھا کہ چند گھنٹوں کی میٹنگ ہوگی۔ لیکن ملزم کی اس چالاکی نے نہ صرف تقریب کا نقشہ بدل دیا بلکہ 59 خواتین کے مہنگے موبائل فونز بھی غائب کر دیے۔ پولیس نے مرکزی ملزم ساحل سلمان، ایونٹ کے مبینہ منتظمین اور کوآرڈینیٹرز کے خلاف مقدمہ درج کر کے تلاش شروع کر دی ہے۔
نوکری کا جھانسہ، 59 خواتین کو فارم ہاؤس میں شاندار "ڈیجیٹل چونا” لگا کر ملزم رفو چکر!

