جاپان میں جاری ایشین گیمز کے مینز والی بال ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-3 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ پکی کر لی۔
پاکستان نے میچ کا آغاز ہی جارحانہ انداز میں کیا اور پہلا سیٹ 19-25 سے اپنے نام کیا۔ دوسرے سیٹ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان نے 23-25 سے کامیابی حاصل کی، جبکہ تیسرا سیٹ 18-25 سے جیت کر میچ اپنے نام کر لیا۔
پاکستان نے یہ اہم مقابلہ محض 1 گھنٹہ 20 منٹ میں جیتا۔ میچ میں مجموعی طور پر پاکستان نے 75 جبکہ بھارت نے 60 پوائنٹس حاصل کیے۔
پاکستانی کھلاڑی اسپائکس کے شعبے میں حاوی رہے اور اسپائکس کے ذریعے 50 پوائنٹس حاصل کیے، جبکہ بھارتی ٹیم اسپائکس پر صرف 33 پوائنٹس بنا سکی۔ بلاکس کے ذریعے بھی پاکستان نے 6 جبکہ بھارت نے 4 پوائنٹس حاصل کیے۔
پاکستان کی جانب سے مراد خان 22 پوائنٹس حاصل کر کے نمایاں رہے، جنہوں نے اسپائکس سے 21 اور سروس سے 1 پوائنٹ حاصل کیا۔ دیگر کھلاڑیوں میں عثمان فریاد نے 9، حماد نے 8 اور مصور خان نے 7 پوائنٹس کا حصہ ڈالا۔

