ڈی سی آفس کے دروازے ہر خاص و عام کے لیے کھلے ہیں، عوامی مسائل کے حل میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی: ڈپٹی کمشنر خوشاب
خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے)
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر نے شہریوں کے مسائل سُنے اور ان کے فوری حل کے لیے متعلقہ محکموں کو احکامات صادر کیے۔ اس موقع پر کثیر تعداد میں درخواست گزار سائلین موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈی سی آفس کے دروازے ہر خاص و عام کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں، شہری بلا جھجک اپنے مسائل بیان کریں اور سائلین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔
انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر خوشاب اور متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کے مسائل کے حل میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ روزانہ کی بنیاد پر شہریوں کے مسائل سُنے جاتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ سائلین کی جانب سے دی گئی درخواستوں پر عملدرآمد کی رپورٹ پیش کی جائے، کیونکہ شہریوں کے مسائل کا حل ہی اولین ترجیح ہے۔ نیز محکموں میں غفلت، سُستی اور کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام محکمے اپنی ڈیوٹی کو عوامی خدمت سمجھ کر نبھائیں۔


