طرابلس:لیبیا کے سیکورٹی اداروں نے ملک میں منشیات کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے اسمگلنگ کی ایک انتہائی غیر معمولی اور بڑی کھیپ کی درآمد ناکام بنا دی ہے۔
حکام نے یورپ سے اسمگل ہو کر آنے والی دسیوں ہزار "ایسٹیسی” (Ecstasy) کی نشہ آور گولیوں کا بڑا ذخیرہ قبضے میں لے لیا ہے، جن پر سابق لیبیائی صدر معمر قذافی کا چہرہ کندہ کیا گیا تھا۔
طرابلس میں سیکیورٹی ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ چونکا دینے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بوریوں میں بھری ان بھوری رنگ کی گولیوں کو بالکل ہو بہو معمر قذافی کے سر اور کندھوں کی شکل میں ڈھالا گیا تھا۔ گولیاں تیار کرنے والوں نے اس میں ان کے مخصوص نقوشِ چہرہ اور روایتی لبادے کے ڈیزائن کو انتہائی باریکی اور مہارت کے ساتھ تراشا تھا، تاکہ نشے کی اس کھیپ کو ایک منفرد شناخت دی جا سکے۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق، یہ خطرناک نشہ آور کھیپ سمندر کے راستے یورپ سے لیبیا اسمگل کی جا رہی تھی، تاہم بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے پکڑ لیا گیا۔ اس انوکھے انداز میں منشیات کی اسمگلنگ نے ملکی اور بین الاقوامی حلقوں میں سنسنی پھیلا دی ہے، اور تفتیشی ادارے اس بات کا سراغ لگانے میں مصروف ہیں کہ اس گھناؤنے مکروہ دھندے کے پیچھے کون سے بین الاقوامی کارندے اور نیٹ ورکس ملوث ہیں۔
” صدر قذافی کی لیبیا واپسی، لیکن انوکھے روپ میں “، ہزاروں ایکسٹیسی گولیاں ضبط، خوفناک انکشافات

