دیر بالا (بیورو چیف ریاض ابوالخیل )
ضلع دیر بالا تحصیل واڑی باغ موہا شریف میں ختم نبوت کانفرنس منعقد ہوا جس میں مہمانی خصوصی مناظر اسلام حضرت مولانا مفتی مبصر سلمی صاحب مفتی واجد اللہ نعمانی ودیگر علمائے کرام نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عقیدۂ ختمِ نبوت ہمارے ایمان کی اساس، دین کی حقیقی روح اور مسلمان کی ایمانی شناخت ہے۔ ہر مسلمان کے لیے ضروری ہے کہ وہ عقیدۂ ختمِ نبوت ﷺ پر مکمل اور غیر متزلزل ایمان رکھے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ اللہ تعالیٰ کے آخری نبی اور رسول ہیں، آپ ﷺ کے بعد کسی نئے نبی کی گنجائش نہیں۔ عقیدۂ ختمِ نبوت قرآن و سنت کی قطعی تعلیمات میں سے ہے اور امتِ مسلمہ کا متفقہ و اجماعی عقیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ختمِ نبوت کے منکر کے بارے میں اسلامی عقیدہ بالکل واضح ہے کہ وہ دائرۂ اسلام سے خارج ہے۔
پیر صوفی مظہر حسین نقشبندی اور ملک عامر اقبال قادری نے کہا کہ تحفظِ عقیدۂ ختمِ نبوت ہر مسلمان کی دینی ذمہ داری ہے، اس عقیدے کے تحفظ کے لیے علماء و مشائخ اور دینی و مذہبی جماعتوں نے ہمیشہ بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو عقیدۂ ختمِ نبوت ﷺ کی اہمیت، مقام اور تحفظ کے حوالے سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ نوجوان نسل اپنے ایمان اور اسلامی عقائد سے مضبوطی کے ساتھ وابستہ رہے۔
ناموسِ رسالت ﷺ اور عقیدۂ ختمِ نبوت ﷺ کے تحفظ کے لیے پرامن، آئینی اور قانونی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ مسلمانوں کے دلوں میں عشقِ رسول ﷺ اور ختمِ نبوت کا عقیدہ ہمیشہ زندہ رہے گا اور کوئی طاقت اس ایمانی وابستگی کو کمزور نہیں کر سکتی۔


