ٹانک:کفایت اللہ پراچہ سے
ٹانک: ڈپٹی کمشنر آفس ٹانک میں امن و امان کی موجودہ صورتحال، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور علاقے میں دیرپا امن کے قیام کے حوالے سے ایک اہم جرگہ سے ڈپٹی کمشنر ٹانک جمشید خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی تعاون کے بغیر پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں، امن و امان کے قیام میں عوام اور علاقہ مشران کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری اور عمائدین سیکیورٹی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ امن دشمن اور ملک دشمن عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور علاقے میں امن برقرار رکھنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کا زمینی سطح پر جائزہ لینے، مقامی مسائل سننے اور مؤثر حکمتِ عملی مرتب کرنے کیلئے ہر سرکل کے علاقہ مشران کے ساتھ الگ الگ جرگے منعقد کیے جائیں گے۔

