خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے)
محمکہ ایجوکیشن لٹریسی خوشاب کے زیراہتمام آگاہی مہم کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن لٹریسی حسن عباس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی ترقی کی بنیاد تعلیم اور خواندگی پر ہے۔ جب تک کوئی معاشرہ پڑھنا لکھنا نہیں سیکھتا، وہ خوشحالی کی منزل حاصل نہیں کر سکتا۔ اس سال بین الاقوامی یومِ خواندگی 2026 کو ایک منفرد اور اہم تھیم "خواندگی برائے افراد، کرہِ ارض اور خوشحالی” کے تحت منایا گیا۔ اس سلسلے میں لٹریسی & نان فارمل بیسک ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ خوشاب کے زیرِ اہتمام یکم ستمبر سے 7 ستمبر 2026 تک ایک ہفتہ وار مہم کا انعقاد کیا گیا، جس میں فیلڈ اسٹاف، اساتذہ، طلبہ اور کمیونٹی نے بھرپور جوش و خروش سے حصہ لیا۔اس سات روزہ مہم کا آغاز یکم ستمبر کو بچوں کے درمیان ایک شاندار آرٹ مقابلے سے ہوا، جس کا عنوان "میرا وژن: خواندگی برائے افراد، کرہِ ارض اور خوشحالی” تھا۔ اسکولوں اور نان فارمل ایجوکیشن سینٹرز کے بچوں نے اپنے رنگوں کے ذریعے تعلیم اور ماحولیات کے باہمی تعلق کو خوبصورت خاکوں میں ڈھالا۔ انہوں نے کہا کہ مہم کے دوسرے روز، ضلع بھر سے ایسے اساتذہ، ہونہار طلبہ اور سماجی رہنماؤں کی کامیابی کی کہانیاں تلاش کر کے دنیا کے سامنے لائی گئیں جنہوں نے نامساعد حالات کے باوجود خواندگی کے میدان میں نمایاں کارکردگی دکھائی۔ ان کی ان تھک محنت کو مقامی اور سوشل میڈیا پر بھرپور طریقے سے سراہا گیا۔ ڈسٹرکٹ آفیسر نے کہا کہ اس سال مہم کا ایک بڑا حصہ ہمارے سیارے یعنی ماحولیات کے تحفظ کے لیے وقف تھا۔ تیسرے روز این ایف ای سینٹرز اور اسکولوں میں شجرکاری، صفائی ستھرائی اور "پانی کی بچت کی خواندگی” پر عملی سرگرمیاں کی گئیں۔ چوتھے روز کمیونٹی لیول پر آگاہی سیشنز منعقد کیے گئے، جن میں لوگوں کو بتایا گیا کہ کس طرح تعلیم حاصل کر کے وہ اپنی زندگی کا معیار بہتر بنا سکتے ہیں اور اپنے ماحول کو صاف رکھ سکتے ہیں۔ حسن عباس کے مطابق مہم کا سب سے پُرکشش اور متحرک حصہ پانچویں روز دیکھنے کو ملا، جب ستھرا پنجاب اتھارٹی اور محکمہ جنگلات کے اشتراک سے ایک وسیع "لٹریٹ، کلین اینڈ گرین واک/رن” کا اہتمام کیا گیا۔ اس واک میں طلبہ، اساتذہ، نوجوانوں، سرکاری افسران، این جی اوز اور میڈیا کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے معاشرے کو یہ پیغام دیا کہ ایک پڑھا لکھا اور سرسبز پنجاب ہی ہماری اصل کامیابی ہے۔چھٹے روز ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی خوشاب کے تعاون سے ایک پروقار ڈسٹرکٹ سیمینار منعقد ہوا، جس میں ماہرینِ تعلیم اور افسران نے ماحولیاتی پائیداری اور معاشی خوشحالی کے لیے خواندگی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ مہم کے آخری اور ساتویں روز میڈیا انگیجمنٹ کے ذریعے ان تمام سرگرمیوں اور کامیابیوں کو پریس کانفرنس، ریڈیو اور ٹی وی پروگرامز کے ذریعے عوام تک پہنچایا گیا، اور مہم کی ایک جامع کارکردگی رپورٹ مجاز اتھارٹی کو ارسال کی گئی۔


