لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ فضائیہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں پاک فضائیہ کے شاہینوں اور جانبازوں کو شاندار خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی فضائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پاک فضائیہ کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔
وزیراعلیٰ نے یومِ فضائیہ کے موقع پر پاک فضائیہ کے تمام شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کیا اور شہداء کے درجات کی بلندی کے ساتھ ساتھ ان کے اہل خانہ کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔ انہوں نے کہا کہ راشد منہاس شہید سمیت پاک فضائیہ کے شاہینوں نے فضاؤں میں جرات، شجاعت اور بہادری کی لازوال داستانیں رقم کی ہیں۔
مریم نواز شریف نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ گزشتہ برس مئی میں پاک فضائیہ نے دشمن کے جدید ترین جنگی طیارے گرا کر سبز ہلالی پرچم کو مزید سربلند کیا۔ یومِ فضائیہ قومی اتحاد، غیر متزلزل عزم اور حب الوطنی کے جذبے کی علامت ہے، اور قوم کو اپنے شاہینوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر فخر ہے۔
یومِ فضائیہ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا پاک فضائیہ کے شاہینوں کو شاندار خراجِ تحسین، شہداء اور غازیوں کو سلام

