عید میلاد النبی ﷺ، رحمتِ عالم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت باسعادت کا دن، آج بدھ کو ملک بھر میں مذہبی جوش و خروش اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ اس موقع پر بدھ کو ملک بھر میں عام تعطیل ہے۔
دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں اور تمام صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوگا۔ نمازِ فجر کے بعد امتِ مسلمہ کے اتحاد اور ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔
عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں مرکزی تقریب وفاقی دارالحکومت میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس ہوگی۔ ملک کے تمام شہروں میں میلاد کے جلوس بھی نکالے جائیں گے، جن میں علما اور خطبا حضور اکرم ﷺ کی حیاتِ مبارکہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالیں گے اور آپ ﷺ کی تعلیمات اور سنت پر عمل پیرا ہونے پر زور دیں گے۔
اس موقع پر ملک بھر کی سڑکوں، گلیوں، عمارتوں، مساجد اور گھروں کو سبز جھنڈیوں، برقی قمقموں اور رنگ برنگی روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔ مختلف مقامات پر اسٹالز بھی لگائے گئے ہیں جہاں مذہبی نعروں سے مزین بیجز، اسٹیکرز، جھنڈے اور بینرز دستیاب ہیں۔
وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے جلوسوں اور دیگر تقریبات کی سکیورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ مرکزی جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی جبکہ جلوس کے راستوں پر گاڑیوں کی پارکنگ پر پابندی ہوگی۔ شرکا کو میٹل ڈیٹیکٹرز کے ذریعے چیک کیا جائے گا اور داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس نصب کیے جائیں گے۔
لاہور میں ہارٹی کلچر ایجنسی نے بھی عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں شہر کو برقی قمقموں اور خوبصورت روشنیوں سے سجا دیا ہے۔ لبرٹی چوک، مین بلیوارڈ گلبرگ، فیروزپور روڈ، مال روڈ، مغلپورہ اور دھرم پورہ سمیت اہم شاہراہوں اور مقامات کو روشن کیا گیا ہے۔
آمد مطصفیٰ ﷺ مرحبا مرحبا، ملک بھر میں عید میلاد النبیﷺ جوش وخروش سے منائی جارہی ہے

