عمرکوٹ رپورٹ کیمرہ مین ٹیم کے ساتھ ڈاکٹر ایم لال واگھانی بیورو چیف
سامارو پولیس نے منشیات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے شہر میں دو مختلف مقامات پر چھاپے مار کر 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او سامارو کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے امجد کی دکان پر چھاپہ مارا۔ چھاپے کے دوران دکان سے مبینہ طور پر منشیات برآمد ہوئی۔دوسری کارروائی کمہار بیکری کی دکان پر کی گئی۔ پولیس کے مطابق وہاں سے بھی منشیات برآمد ہونے کی اطلاع ہے۔ دونوں کارروائیوں کے دوران 2 ملزمان کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ برآمد شدہ منشیات کو قبضے میں لے کر فارنزک کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔علاقے کے مکینوں نے پولیس کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف اس طرح کی کارروائیاں جاری رہنی چاہئیں تاکہ نوجوان نسل کو اس لعنت سے بچایا جا سکے۔پولیس کا مزید کہنا ہے کہ شہر میں منشیات کے نیٹ ورک کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔

