اسلام آباد :سینئیر صوبائی وزیر مریم اورنگ زیب نے کہا ہے کہ اگلا اہم مرحلہ پونچھ کا ہے جس کے لیے ن لیگ کی تیاریاں مکمل ہیں اور وہاں بھی ‘شیر’ ہی جیتے گا
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ میرپور کے عوام نے پاکستان مسلم لیگ ن پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ‘شیر’ پر مہر لگائی ہے، اور اب مظفرآباد سمیت پورے پنجاب میں بھی ایسا ہی جوش و جذبہ نظر آ رہا ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ہمارے انتخابی کیمپوں کی رونق اور عوام کا جوش اس بات کی واضح گواہی دے رہا ہے کہ فتح مسلم لیگ ن کی ہی ہوگی۔ کشمیری عوام نے نواز شریف کے ترقیاتی بیانیے اور خدمت کی سیاست کو ووٹ دیا ہے۔
شکست خوردہ جماعت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک جماعت انتخاب ہارنے کے بعد ہمیشہ کی طرح رونے دھونے اور دھاندلی کے بے بنیاد الزامات لگانے میں مصروف ہے۔ سیاست میں اس منفی رویے اور الزام تراشی کو ترک کرنا ہوگا۔
سینئر صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ الیکشن رونے، دھمکیاں دینے یا الزام تراشی سے نہیں جیتے جاتے، بلکہ اس کے لیے حقیقی کارکردگی، ووٹر کا باہر نکلنا اور بیلٹ باکس پر ووٹ کی پرچی کی مہر لگنا ضروری ہے۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ اب اگلا اہم مرحلہ پونچھ کا ہے جس کے لیے ن لیگ کی تیاریاں مکمل ہیں اور وہاں بھی ‘شیر’ ہی جیتے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مہاجرین کی نشستوں پر ووٹنگ کا وقت ختم ہو چکا ہے جبکہ مظفرآباد میں پولنگ کے وقت میں اضافہ کیا گیا ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ کشمیریوں نے قائد محمد نواز شریف کے بیانیے پر مہر تصدیق ثبت کی ہے اور مسلم لیگ ن کے پولنگ کیمپس پر عوام کا غیر معمولی جوش و جذبہ دیدنی تھا۔

