لاہور:رواں برس بابرکت ماہِ ربیعالاول کا آغاز جمعہ 14 اگست کو ہونے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس حساب سے امت مسلمہ کا انتہائی مقدس اور روحانی دن، یعنی 12 ربیعالاول، جسے جشنِ عیدِ میلادالنبی ﷺ مذہبی جوش و جذبے سے منایا جاتا ہے، منگل 25 اگست کو ہونے کی توقع ہے۔
ربیعالاول اسلامی سال کا تیسرا مہینہ ہے جو دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے عقیدت اور محبت کا مرکز ہے کیونکہ اسی ماہِ مبارک میں محسنِ انسانیت، پیارے نبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادتِ باسعادت ہوئی۔ اس ماہِ نور کی آمد پر مساجد، گھروں اور گلی محلوں کو سجایا جاتا ہے، سیرتِ طیبہ کی مجالس منعقد ہوتی ہیں اور کثرت سے درود و سلام نذر کیا جاتا ہے۔
فلکیاتی اندازوں کے مطابق 13 اگست کی شام کو ربیعالاول کا چاند نظر آنے کے روشن امکانات ہیں، جس کے بعد باضابطہ نیا مہینہ شروع ہو جائے گا۔ تاہم، حتمی اور شرعی فیصلہ متعلقہ رویت ہلال کمیٹیوں کی شہادتوں اور باضابطہ اعلانات کے بعد ہی صادر کیا جائے گا۔
متحدہ عرب امارات میں بھی اسی فلکیاتی تخمینے کے تحت تیاریاں جاری ہیں۔ اماراتی قوانین کے تحت اگر کوئی سرکاری تعطیل ہفتے کے وسط میں آئے تو شہریوں اور ملازمین کو طویل ویک اینڈ کا فائدہ دینے کے لیے اسے پیر 24 اگست تک منتقل کیا جا سکتا ہے، جس سے ہفتہ، اتوار اور پیر کو ملا کر تین روزہ طویل تعطیل ملنے کا امکان ہے۔ تاہم، اس حوالے سے حتمی حکومتی اعلان چاند کی رویت سے مشروط ہے۔

