سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو)
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) عمر عباس میلہ نے سیالکوٹ کا دورہ کیا اور حالیہ بارشوں کے دوران اربن فلڈنگ اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے کئے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) عباس ذوالقرنین اسسٹنٹ کمشنر سٹی رانا صفدر بشیر ایم ڈی واسا فیصل شہزاد، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال اور چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن زبیر وٹو بھی موجود تھے۔عباس میلہ نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹر کا دورہ کیا یہاں انہیں ضلعی اداروں کی تیاری، ریسپانس میکانزم اور بارشوں کے دوران کئے جانے والے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ، بروقت ردعمل اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے پیرس روڈ اور شیل چوک پر نالہ بھیڈ کا معائنہ کیا اور بارشی پانی کی نکاسی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صبح سے شام چار بجے تک سیالکوٹ شہر میں 130 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، تاہم ضلعی انتظامیہ، واسا اور دیگر اداروں کی بروقت کارروائی کے باعث نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ نالہ بھیڈ میں پانی کی سطح قابو میں رہی جس میں واسا کی جاری ڈی سلیٹنگ مہم نے اہم کردار ادا کیا۔ عمر عباس میلہ نے کہا کہ بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے دوران شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے مکمل الرٹ رہیں فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر ردعمل دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کی بروقت نکاسی، دریاؤں اور ندی نالوں کی مسلسل مانیٹرنگ، ایمرجنسی مشینری کی فعالیت اور بین المحکماتی رابطہ ہر صورت برقرار رکھا جائے تاکہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔عمر عباس میلہ نے ہیڈ مرالہ کا دورہ کیا یہاں انہیں دریائے چناب میں پانی کی آمد و اخراج، کیچمنٹ ایریاز میں بارشوں کی صورتحال اور آئندہ دنوں کی پیشگوئی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ ہیڈ مرالہ پر بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ دریائے چناب میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کی سطح بتدریج بلند ہو رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے ہائی الرٹ ہیں، دریائی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل ہیں.

