حیدرآباد رپورٹ دلدار علی بلال
ہالہ ناکہ فلٹر پلانٹ حیدرآباد سے شہر کے بیشتر علاقوں کو پانی فراہم کیا جاتا ہے، لیکن پانی کی سپلائی میں آنے والی دشواریوں کے حل کے لیے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کوئی مؤثر انتظامی یا سیاسی ذمہ دار موجود نہیں۔ متعلقہ افسران شہریوں کے فون اٹھانے کی زحمت بھی گوارا نہیں کرتے۔
بحرال، اس وقت شہریوں کو بدبودار پانی کی سپلائی کی جا رہی ہے۔ معلومات کے مطابق نہروں میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث شہر کا ڈرینج کا پانی آگے نہیں جا پا رہا۔ دوسری جانب شہر میں موجود ٹوٹے پھوٹے اور کھلے ہوئے پانی کے کنکشنز کے باعث گندا اور بدبودار پانی پینے کے پانی میں شامل ہونے کا خدشہ ہے۔اب شہری یہ سوال کرنے میں حق بجانب ہیں کہ اس سنگین مسئلے کے حل کے لیے آخر کس سے فریاد کریں؟
ہم ڈپٹی کمشنر حیدرآباد، میئر حیدرآباد، چیف ایگزیکٹو آفیسر واسا اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ شہریوں کو مسلسل صاف اور صحت بخش پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں، تاکہ شہریوں کو پیٹ، معدے اور جلد کی بڑھتی ہوئی بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔

